انقرہ،18جولائی؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ترکی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اناتولو کے مطابق حکومت نے ناکام فوجی بغاوت کے بعد پولیس کے خصوصی دستے کے 1800ارکان کو استنبول میں تعینات کر دیا ہے۔سپیشل فورسز کے یہ دستے استنبول میں گشت کر رہے ہیں اور انھیں حکم دیا گیا ہے کہ کوئی بھی ہیلی کاپٹر نظر آئے اسے مار گرایا جائے۔دوسری جانب ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے حمایتیوں کی جانب سے موت کی سزا بحال کرنے کے مطالبے کا احترام کریں گے۔رجب طیب اردغان کا کہنا ہے کہ ملک کی پارلیمان سزائے موت کو متعارف کروانے کی تجویز پر غور کر رہی ہے۔ترکی میں حکام نے جمعے کی شب حکومت کا تختہ الٹنے کی ناکام کوشش کے بعد تقریباً چھ ہزار افراد کو حراست میں لیا ہے جن میں فوجی کمانڈرز اور دو ہزار سے زیادہ جج بھی شامل ہیں۔صدر کے اعلیٰ ترین فوجی معتمد بھی زیرِ حراست لوگوں میں شامل ہیں۔صدر اردوغان کا کہنا ہے کہ اس بغاوت کے پیچھے جووائرس تھا اسے ہمیشہ کے لیے ختم کیا جائے گا۔وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ حکومت کا تختہ الٹنے کی ناکام کوشش کے دوران ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 290ہو گئی ہے۔ہلاک ہونے والوں میں بغاوت میں حصہ لینے والوں کی تعداد 100سے زائد ہے۔صدر اردغان نے کہا ہے کہ میری عظیم قوم نے بغاوت کرنے والوں کو بہترین جواب دیا ہے۔یہ بھی اطلاعات ہیں کہ سازش میں حصہ لینے والے بہت سے زیرِ حراست لوگوں کی جانب سے سکیورٹی فورسز کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک ترک حکومتی عہدے دار نے بتایا کہ استنبول کے سب سے بڑے ہوائی اڈے پر لوگوں کو خبردار کرنے کے لیے فائرنگ کی گئی اور اس کے علاوہ قونیہ صوبے میں فوجی اڈے پر بھی فائرنگ کی گئی۔اس سے قبل ملک کے وزیر برائے انصاف نے کہا تھا کہ اب تک بغاوت کی سازش میں ملوث چھ ہزار افراد کو حراست میں لیا گیا ہے اور مزید افراد کی گرفتاریوں کا امکان ہے۔ترکی میں جمہوری حکومت نے حالاتِ پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد اب تک فوج کے کئی اعلیٰ افسران اور 2700ججوں کو اُن کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے۔حکومت کا تختہ الٹنے کی ناکام کوشش کے دوران ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 265ہوگئی ہے۔ترکی کے سرکاری ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ اتوار کی صبح ملک کے جنوبی صوبے میں بریگیڈ کمانڈر اور 50سے زائد فوجیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔یاد رہے کہ صدر طیب اردوغان نے سازش کا ذمہ دار ملک میں پائے جانے والے ایک متوازی نظام کو قرار دیا، جو کہ امریکی ریاست میامی میں مقیم مبلغ فتح اللہ گولن کی جانب واضح اشارہ تھا۔صدر اردوغان کا الزام ہے کہ فتح اللہ ترکی میں بے چینی پیدا کرنے ذمہ دار ہیں۔صدر کے بیان کے جواب میں فتح اللہ گولن نے بھی ایک بیان جاری کیا ہے جس میں انھوں نے اس الزام سے انکار کیا کہ ترکی میں ہونے والے واقعات سے ان کا کوئی تعلق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ترکی میں فوجی بغاوت کے ذریعے تختہ الٹنے کی کوشش کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔دوسری جانب امریکہ نے ترکی کو تنبیہ کی ہے کہ ترکی میں حکومت کا تختہ الٹنے کی ناکام کوشش میں امریکہ کے کردار کا دعویٰ سراسر غلط ہے اور اس سے دونوں ممالک کے تعلقات خراب ہو سکتے ہیں۔یاد رہے کہ ترکی کے وزیر برائے افرادی قوت نے یہ اشارہ دیا تھا کہ حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کے پیچھے امریکہ کا ہاتھ تھا۔